لاہور میں قاتل ڈور نے ایک اور زندگی کا چراغ بجھا دیا
لاہور کے علاقے نواں کوٹ میں جواں سالہ موٹر سائیکل سوار گلے پر ڈور پھرنے سے زندگی کی بازی ہار گیا۔
افسوسناک واقعہ صبح سویرے نواں کوٹ کے علاقے میں پیش آیا جہاں چھوٹی بہن کیلئے ناشتہ لینے گھر سے نکلنے والا شہزاد واپس گھر نہ آیا اور دھاتی ڈور نے اپنا شکار بنالیا۔
شہر میں پتنگ بازوں اور ڈور بنانے والوں کو لگام ڈالنے کے حکومتی دعوؤں کے باوجود خونی کھیل جاری ہے۔
غم سے نڈھال والد کا کہنا تھا کہ قانون اگر سختی نہیں کریگا تو قیمتی جانیں ضائع ہوتی رہیں گی۔ متوفی شہزاد کے ہمسائے کہتے ہیں کہ پولیس پتنگ سازوں اور ڈور بنانے والوں کیخلاف سخت اقدامات کرے۔
اہلخانہ کے قانونی کاروائی کروانے سے انکار پر پولیس نے کاغذی کاروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی ہے جبکہ قائم مقام آئی جی پنجاب کنور شاہ رخ نے نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔