کراچی: اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کیخلاف مقدمہ درج

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ پر گلشن معمار تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

کراچی کے گلشن معمار تھانے میں ایم ڈی اے حکام کی مدعیت میں حلیم عادل شیخ کیخلاف زمین پر قبضہ چھڑوانے کے دوران فائرنگ اور ہنگامہ آرائی کا مقدمہ درج کیا گیا۔

ایف آئی آر میں رہنما تحریک انصاف حلیم عادل شیخ کیخلاف اقدام قتل اوردہشت گردی کی دفعہ سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

مقدمے کے اندراج کے بعد ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس حلیم عادل کی اسٹیڈیم کے قریب واقع رہائشگاہ پہنچی جہاں خواتین پولیس اہلکار اور حلیم عادل کی بیٹی کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔