وزیرآباد واقعہ، مقدمے کے اندراج کیلئے تحریک انصاف کی درخواست مسترد
عدالت نے مارچ پر فائرنگ سے متعلق نئے مقدمے کے اندراج کیلئے دائر تحریک انصاف کی درخواست مسترد کردی۔
سیشن کورٹ وزیرآباد نے رہنما تحریک انصاف زبیرنیازی کی مدعیت میں مقدمے کے اندراج کی استدعا مسترد کرتے ہوئے درخواست گزار کو ہدایت کی کہ وہ تھانہ سٹی میں درج مقدمے میں اپنا مؤقف پیش کریں۔
عدالت نے حکم دیا ہے کہ تفتیشی افسر اور جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم درخواست گزار کا مؤقف قلمبند کریں۔
عدالتی حکم پر پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے بتایا کہ اندراج مقدمہ کی درخواست پر کوئی اعتراض نہیں اور سپریم کورٹ کا حکم واضح ہے کہ جو درخواست پہلے جمع ہو مقدمہ اسی کے مطابق درج ہونا ہے۔
ضلعی شکایات افسر وزیر آباد نے عدالت میں جواب جمع کروایا جس میں کہا گیا کہ واقعے کا دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔