لکی مروت میں پولیس وین پر فائرنگ سے اے ایس آئی سمیت چھ اہلکار شہید

عباسیہ روڈ پر پولیس وین پر دہشت گردوں کے حملے میں اے ایس آئی سمیت چھ اہلکار شہید ہوگئے۔

لکی مروت میں عباسیہ روڈ پر پولیس وین پر دہشت گردوں کے حملے میں اے ایس آئی سمیت چھ اہلکار شہید ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق عباسیہ روڈ پر پولیس وین معمول کے گشت پرتھی، کہ نامعلوم دہشت گردوں نے حملہ کردیا، اور فائرنگ سے اےایس آئی علم دین، کانسٹیبل پرویز، دل جان، عبداللہ، احمد، اور محمود شہید ہوگئے۔

پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جب کہ سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔

وزیراعظم کی ٹویٹ

وزیراعظم شہبازشریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ کسی غلطی میں نہ رہیں، دہشت گردی بدستور پاکستان کےبڑے مسائل میں سے ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مسلح افواج اور پولیس نے بہادری سے دہشتگردی کا مقابلہ کیا ہے، لکی مروت میں پولیس وین پردہشت گردوں کےحملے کی مذمت کیلیےالفاظ نہیں۔

وزیرداخلہ کا بیان

وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے لکی مروت میں پولیس وین پر دہشتگردی کے حملے کی شدید مذمت اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکریٹری اور آئی جی خیبرپختونخوا سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

وزیرداخلہ نے پولیس اہلکاروں کی شہادت کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔