اقتصادی رابطہ کمیٹی نے عام انتخابات کیلئے گرانٹ کی منظوری مؤخر کردی

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کسان پیکیج 2022 کی منظوری دے دی تاہم عام انتخابات کیلئے گرانٹ کی منظوری مؤخر کر دی گئی۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ای سی سی اجلاس کے اعلامیے کے مطابق کسان پیکج میں زرعی قرضوں کا حجم 1419 ارب سے بڑھا کر 1802 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔

ڈی اے پی کھاد کی قیمت 13 ہزار 750 سے کم کر کے 11 ہزار 250 روپے فی بوری کر دی گئی۔ پیکیج کے تحت 3 لاکھ زرعی ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کرنے کیلئے کسانوں کو بلا سود قرضے جاری کیئے جائیں گے۔

ای سی سی نے وزیراعظم کامیاب جوان یوتھ انٹرپنورشپ اسکیم کا نام تبدیل کرکے وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم رکھنے کی منظوری بھی دے دی۔

اجلاس میں موجودہ مالی سال کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے دو ارب بانوے کروڑ روپے کی منظوری بھی دی گئی۔ نومبر میں ڈیزل کی بلا تعطل فراہمی کیلئے درآمد پر 16 اعشاریہ 75 ڈالر فی بیرل پریمئم کی منظوری بھی ہوگئی.

اعلامیے کے مطابق ای سی سی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عام انتخابات کیلئے 74 ارب 41 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری مؤخر کرکے الیکشن کمیشن کو اگلے اجلاس میں سمری پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔