انگلینڈ نے پاکستان کو ہرا کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت لیا

انگلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے ہرا کر ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 اپنے نام کرلیا۔

آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں کھیلے گئے مقابلے میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 138 رنز کا ہدف دیا، جسے انگلینڈ نے 19ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

انگلینڈ کی اننگز

138 رنز کے ہدف کے دفاع میں پاکستانی بولرز نے بھرپور بولنگ کی، پہلے ہی اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے ایلس ہیلز کو بولڈ کردیا۔

 

 

پاکستان کو دوسری کامیابی حارث رؤف نے 32 رنز پر فل سالٹ کو آؤٹ کرکے دلائی۔

سیمی فائنل میں بھارت کو تگنی کا ناچ نچانے والے جوز بٹلر کو بھی حارث رؤف نے ٹھکانے لگایا تو انگلینڈ کا اسکور 45 رنز تھا۔

 

 

84 رنز پر شاداب نے ہیری بروک کو آؤٹ کرکے پاکستان کو چوتھی کامیابی دلائی۔

ہیری بروک کے بعد معین علی میدان میں آئے، انہوں نے بین اسٹوکس کے ساتھ مل کر انگلینڈ کی کشتی پار لگادی۔

محمد وسیم جونیئر نے 132 رنز پر پاکستان کو پانچویں کامیابی دلائی، معین علی 19 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

بین اسٹوکس نے اسی دوران اپنے ٹی 20 کیرئیر کی پہلی نصف سنچری مکمل کی۔

انگلینڈ نے 19 اوورز میں ہدف حاصل کرلیا۔

پاکستان کی بیٹنگ

قومی ٹیم کے اوپنر محمد رضوان اور بابر اعظم میدان میں اترے لیکن 29 رنز کے مجموعے اسکور پر رضوان آؤٹ ہوگئے۔

رضوان نے 14 گیندوں پر 15 رنز بنائے اور سیم کرن نے انہیں بولڈ کیا۔

 

 

45 رنز پر پاکستان کی دوسری وکٹ محمد حارث کی صورت میں گری، انہوں نے 12 گیندیں کھیل کر صرف 8 رنز بنائے۔

شان مسعود اور بابر اعظم نے اسکور 84 تک پہنچایا تو عادل رشید نے بابر اعظم کو بھی آؤٹ کردیا۔

 

 

بابر اعظم نے 28 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔

85 رنز پر افتخار کو بین اسٹوکس نے پویلین کی راہ دکھائی، وہ اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔

شان مسعود اور شاداب خان نے پاکستانی اننگز کو تیزی سے آگے لے جانے کا بیڑا اٹھایا، 121 رنز پر شان مسعود کا شکار سیم کرن نے کیا۔

شان مسعود کے بعد محمد نواز میدان میں اترے تو شاداب آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 14 گیندوں پر 20 رنز بنائے۔

129 رنز پر نواز کی صورت میں پاکستان کی ساتویں وکٹ گر گئی، انہوں نے 5 رنز بنائے۔ 131 رنز محمد وسیم بھی 4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

قومی پلیئنگ الیون

پاکستان نے فائنل کے لئے پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ ٹیم ان ہی کھلاڑیوں پر مشتمل تھی جس نے سیمی فائنل میں کامیابی حاصل کی۔

 

 

ٹیم میں بابر اعظم، محمد رضوان، محمد حارث، شان مسعود، افتخار احمد، شاداب خان، محمد نواز، وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف شامل تھے۔