بابر اعظم اور رضوان کی اوپننگ جوڑی توڑنے کے حق میں نہیں، میتھیو ہیڈ

قومی کرکٹ ٹیم کے مینٹور میتھیو ہیڈن کا کہنا ہے کہ پاکستان کی اوپننگ جوڑی بہترین ہے اور وہ اسے توڑنے کے حق میں نہیں۔

سڈنی میں پریس کانفرنس کے دوران میتھیو ہیڈن نے کہا کہ پاکستان ٹیم کسی بھی دن کچھ بھی کرسکتی ہے، موجودہ ورلڈکپ کی شبیہات 92کے ورلڈ کپ سے ملتی ہے، اس بار بھی 1992 کی طرح یہ ٹیم ورلڈ کپ کا سفر کامیاب بناسکتی ہے۔

سابق آسٹریلوی اوپنر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لئے سیمی فائنل تک رسائی اچانک ہوئی، پاکستان نے جنوبی افریقا کو ہرا کر سیمی فائنل کی راہ بنائی تھی، نیدرلینڈ نے جب جنوبی افریقا ہرایا تو ہمارے حوصلے اور بھی بلند ہوگئے۔

بابر اور رضوان کی فارم اور بیٹنگ کے انداز پر تنقید کے جواب میں میتھیو ہیڈن نے کہا کہ پاکستان کی اوپننگ جوڑی بہترین ہے، اوپننگ جوڑی کو توڑنے کے حق میں نہیں، بابر اعظم اور رضوان اننگز کے آغاز میں اچھا پریشر ہینڈل کرتے ہیں۔

قومی ٹیم کے کپتان کی فارم سے متعلق میتھیو ہیڈن نے کہا کہ بابراعظم ورلڈ کلاس کھلاڑی ہے، انٹرنیشنل کرکٹ میں مسلسل پرفارم کرنا بہت مشکل ہوتا ہے، بابر اعظم کو سمجھایا ہے کہ اچھا وقت جلد آئے گا، کسی بھی وقت حریف کو سرپرائز کرسکتا ہے۔

قومی ٹیم کے مینٹور نے کہا کہ ہمارےپاس ورلڈ کلاس فاسٹ باؤلنگ لائن اپ موجود ہے، شاہین آفریدی ہمارے بولنگ اٹیک کی سربراہی کررہے ہیں، خوشی ہے کہ شاہین شاہ آفریدی مکمل ردھم میں واپس آچکے ہیں، شاہین آفریدی کا فارم میں واپس آنا ہمارے لیے بہت اچھا ہے۔

نیوزی لینڈز سے مقابلے کے بارے میں میتھیو ہیڈن نےکہا کہ نیوزی لینڈ خطرناک ٹیم ہے, ان کے پاس اچھی بیٹرز اور بولر ہیں، کیویز نے اس ٹورنامنٹ میں اب تک ںہترین کرکٹ کھیلی ہے لیکن ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک کھلاڑی ہی میچ کا سارا نقشہ بدل دیتا ہے۔