”بابراعظم 2048 میں وزیراعظم ہوں گے“
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیے ایڈیلیڈ کا میدان ماضی کی طرح ایک بار پھر آج اچھی خبر لے آیا ہے اور پاکستان نے بنگلہ دیش کو ہرا کر ٹی ٹوئٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل تک بالاخر رسائی حاصل کر لی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے بعد سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصروں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
وزیردفاع خواجہ آصف نے ٹویٹر پیغام میں پاکستان کی جیت پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارک باد دی ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بنگلادیش کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے اور سیمی فائنل میں اب پاکستان اور نیوزی لینڈ آمنے سامنے ہوں گے جب کہ انگلینڈ اور بھارت دوسرے سیمی فائنل میں مدمقابل ہوں گے۔
وزیردفاع نے مزید کہا کہ ہم نیوزی لینڈ کو اور انگلینڈ بھارت کو ہرادیں تو 1992 کے ورلڈکپ کے فائنل کی طرح پاکستان اور انگلینڈ آمنے سامنے ہوں گے اور اسی طرح انگلینڈ کو ہرا کر 1992 کی تاریخ دہرادیں تو قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم 2048 میں ہمارے وزیراعظم ہوں گے۔
خیال رہے کہ آج پاکستان نے بنگلادیش کو ہرا کر ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے۔ ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بنگلا دیش کو 5 وکٹوں سے ہرادیا ہے۔
بنگلا دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لئے 128 رنز کا ہدف دیا تھا، جسے پاکستان نے 19ویں اوور میں حاصل کرلیا۔