پی ٹی آئی مارچ پر اربوں کا خرچہ ہو گا

اندازے کے مطابق پی ٹی آئی لانگ مارچ کے 30 دن میں ایک ارب جب کہ وفاقی حکومت ڈیڑھ ارب روپے خرچ کرے گی۔

ملک پہلے ہی معاشی مشکلات کا شکار ہے، اور دوسری جانب پی ٹی آئی کے مارچ پر حکومت اور خود پی ٹی آئی کے اربوں روپے کا خرچہ ہو گا۔

محتاط اندازے کے مطابق پی ٹی آئی 30 دن میں ایک ارب جب کہ وفاقی حکومت ڈیڑھ ارب روپے خرچ کرے گی۔

سما انویسٹی گیشن یونٹ کی تحقیقات کے مطابق پی ٹی آئی نے کم از کم 50 ہزار کارکنان کو اسلام آباد پہنچانے کی تیاری کر رکھی ہے، اور اس مقصد کے لیے تین ماہ کے دوران 70 اضلاع سے 30 کروڑ روپےاکٹھا کیے، جب کہ سمندر پار سے پی ٹی آئی کو 50 کروڑ روپے کے عطیات ملے۔

دوسری جانب حکومت کی طرف سے پولیس گاڑیوں اور ٹرانسپورٹ پر 25 کروڑ روپے اور سیکیورٹی آلات پر 30 کروڑ خرچ ہوں گے، اور 1600 کنٹینرز کے حصول کے لیے حکومت کو 10 کروڑ کا خرچہ اُٹھانا پڑے گا۔