سائفر تحقیقات،ایف آئی اے نے عمران خان کو طلب کرلیا
سائفر تحقیقات سے متعلق ایف آئی اے نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے سابق وزیراعظم عمران خان کو بدھ کو ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز طلب کرلیا۔
سابق وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کی بھی دوبارہ طلبی ہوگئی۔ شاہ محمود قریشی کو تین نومبر کو دوبارہ بھی ایف آئی اے نے پیشی کا نوٹس بھیجا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے سابق وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزرا اور اعظم خان کے خلاف ڈپلومیٹک سائفر کے حوالے سے قانونی کارروائی کی باضابطہ منظوری دی تھی۔
ڈپلومیٹک سائفر سے متعلق عمران خان کی پہلی آڈیو 28 ستمبر کو منظرعام پر آئی تھی جب کہ دوسری آڈیو 30 ستمبر کو منظر عام پر آئی۔