شیری رحمان کوپ 27 کا ایجنڈا تشکیل دینے والی شخصیات میں سرفہرست
اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق کوپ 27 سمٹ کا ایجنڈا تشکیل دینے والی شخصیات میں پہلا نمبر پاکستان کی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان کا ہے۔
کوپ 27 سمٹ کا ایجنڈا تشکیل دینے والے 9 شخصیات کی فہرست ماحولیات کے عالمی صحافتی ادارے کلائمیٹ ہوم نیوز نے جاری کی ہے۔
ادارے کے مطابق شیری رحمان پہلے ہی پاکستان میں سیلاب کے نقصانات اور چیلنجز کے حوالے سے دنیا کو آگاہ کر رہی ہیں۔ پاکستان کانفرنس میں سب سے پہلے اپنے مطالبات پیش کرے گا۔
فہرست میں شامل دیگر عالمی شخصیات میں امریکی نمائندہ خصوصی برائے ماحولیات جان کیری، جرمنی کی جینیفر مورگن، یوگنڈا کی وینیسا نکیٹ، مصر کے محمود محی الدین، سینیگال کے صدر میکی سال، کینیا کے صدر ولیم روٹو، کولمبیا کے صدر گسٹاو پیٹرو، چین کے ماحولیاتی ایلچی ژی جینہوا شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے زیر اہتمام مصر میں ہونے والی کلائمیٹ سمٹ میں دنیا بھر کے 197 ممالک شرکت کریں گے۔