انتخابات کیلئے عمران خان کو ہمارے قائدین سے غیرمشروط رابطہ کرنا ہوگا، وزیرداخلہ
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ انتخابات سمیت دیگر معاملات پر بات چیت کیلئے عمران خان کو ہمارے قائدین سے غیر مشروط رابطہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ تحریک انصاف کے 20 سے 30 ہزار افراد اسلام آباد میں داخل ہوں گے۔
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے ٹوئٹر اسپیس پر سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی نتیجے کیلئے عمران خان کو مذاکرات کیلئے بلا مشروط ہمارے قائدین سے رابطہ کرنا ہوگا اور پھر بات ہوگی تو اس کے نتیجے میں پاکستان کی بہتری کا سامان پیدا ہوگا۔
وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ اگر عمران خان نے ملکی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم سے بیٹھ کر بات کی تو پھر یقیناً ہم بات کریں گے۔ دوسری جانب انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کہتے آئے ہیں کہ وہ ان سیاستدانوں کے ساتھ بیٹھ کر بات کرنے پر موت کو ترجیح دیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ پر رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ 2 کروڑ کی آبادی والے شہر میں یہ 10 سے 15 ہزار کا مجمع اور 500 سے 600 گاڑیاں جمع کر پائے ہیں۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی لانگ مارچ کا موازنہ ن لیگ کے لانگ مارچ سے کیا اور کہا سابق وزیراعظم نواز شریف کے مارچ میں لوگ ہی لوگ تھے۔
رانا ثناء اللہ نے تسلیم کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے 20 سے 30 ہزار تک لوگ اسلام آباد میں داخل ہوں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا عمران خان نے پبلک کمٹمنٹ کی ہے کہ وہ ریڈ زون نہیں جائیں گے اور سپریم کورٹ کی بتائی ہوئی جگہ تک ہی اپنے مارچ کو محدود رکھیں گے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اگر یہ مارچ پرامن رہے گا تو پھر ہمیں اختیار نہیں ہے کہ ہم انہیں روکیں، اگر یہ چڑھائی کی غرض سے آئے تو پھر ان کا راستہ روکا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیراعظم نے اس مارچ سے نمٹنے سے متعلق ایک کمیٹی تشکیل دے رکھی ہے اور ہم عمران خان کی پبلک کمٹمنٹ کے بعد دوبارہ اب اسلام آباد میں داخل ہونے سے متعلق اجازت پر غور کریں گے۔