پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کا داتا دربار پر پڑاؤ
عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کا لانگ مارچ داتا دربار سے آگے بڑھے گا۔
تحریک انصاف کے لانگ مارچ نے گزشتہ روز داتا دربار پر پڑاؤ ڈال دیا تھا ، جہاں سے آج دوپہر لانگ مارچ آگے کی جانب بڑھے گا۔
عمران خان کا اچھرہ میں خطاب
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے لاہور کے علاقے اچھرہ میں تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم انصاف کے ذریعے آزادی چاہتے ہیں، ہم اس ملک میں قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں، ظلم نہیں چاہتے ہیں۔
انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ سینیٹر اعظم سواتی اور ان کی جماعت کے شہباز گل کے ساتھ جو ظلم کیا گیا ہے، یہ جنگل کا قانون ہے، جب تک ایک معاشرہ قانون اور انصاف کیلئے کھڑا نہیں ہوتا خوشحال نہیں ہوتا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں وسائل زیادہ ہیں، لیکن امریکا اور برطانیہ میں انصاف اور قانون کی حکمرانی ہے، وہاں قانون اپنے شہریوں کی حفاظت کرتا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ یہاں جیل چھوٹے چوروں سے بھرے ہوئے ہیں، جو اربوں روپے چوری کرکے لندن اور محلات میں رہتے ہیں انہیں وزیراعظم بنادیا جاتا ہے۔
تحریک انصاف کے پلان کے مطابق آج تحریک انصاف کا پڑاؤ آزادی چوک پر ہوگا۔ لانگ مارچ مختلف شہروں سے ہوتا ہوا 5 نومبر کو اسلام آباد پہنچے گا۔
پلان میں یوٹرن
پاکستان تحریک انصاف نے یو ٹرن کی پالیسی برقرار رکھتے ہوئے لانگ مارچ کے دوران پہلا یوٹرن لے لیا۔
ذرائع کے مطابق مارچ کے منتظمین نے شاہدرہ میں رات قیام کا پروگرام منسوخ کردیا گیا۔
ریڈ زون نہیں جائیں گے
لبرٹی چوک پر لانگ مارچ سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ ہم سپریم کورٹ کا حکم مانتے ہیں، اسلام آباد میں ریڈ زون میں داخل نہیں ہوں گے۔
وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ گورنر راج سے متعلق فی الحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا تاہم حالات خراب ہونے پر گورنر راج کی تجویز دے سکتا ہوں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان جس پر الزام لگائیں گے اب وہ خود آکر سچ بیان کریگا۔ پی ٹی آئی نے ایف آئی اے پر الزام لگایا اس لئے ایف آئی اے حکام نے وضاحت پیش کی۔
لانگ مارچ خونی بننے کا خدشہ، انٹیلی جنس رپورٹس
انٹیلی جنس ذرائع نے رپورٹ دی ہے کہ تحریک انصاف کا لانگ مارچ خونی ہوسکتا ہے، چند جرائم پیشہ عناصر مسلح جتھوں کی صورت مظاہرین بن کر مارچ میں شامل ہوں گے۔
لانگ مارچ کا روٹ
تحریک انصاف نے باضابطہ طور پر لانگ مارچ کے روٹ اور مختلف مقامات پر پڑاؤ کے پلان کا اعلان کردیا ہے۔
اتحادیوں کو رانا ثناء اللہ کی حکمت عملی سے اختلاف
حکومت کی اتحادی جماعتوں نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے متعلق رانا ثناء اللہ کی حکمت عملی کی مخالفت کردی ہے، اتحادی جماعتوں نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو فساد مارچ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پرامن احتجاج سب کا حق ہے لیکن یلغار کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔
بھارتی میڈیا بھی عمران خان کی تعریفیں کرنے لگا
بھارتی ميڈيا ميں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ڈنکے بجنے لگے۔
بھارتی صحافی لہک لہک کر اعلان کررہے ہیں کہ عمران خان خود اپنے اداروں کو بدنام کررہا ہے۔
مخصوص جگہ پر آئیں گے تو سیکیورٹی دیں گے
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں احتجاج سے متعلق عدالت کا ایک فیصلہ موجود ہے، اس طریقہ کارکےمطابق آئیں گے تو ہم اپنی تمام ذمہ داریاں پوری کریں گے، مخصوص جگہ پر آئیں گے تو ہم سیکیورٹی دیں گے۔
نومبر میں آر یا پار
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ نومبر میں آر یا پار ہوجائے گا، اسلام آباد کے عوام اسلام آباد کے اندر سے نکل آئے تو کرپٹ ٹولےکو بھاگنےکی جگہ نہیں ملے گی۔
ا مؤقف
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک تباہی کی طرف جانے سے 6 ماہ پہلے بچ گیا، الیکشن آئینی مدت پوری ہونےپر اگلے سال ہوں گے، والدین اپنے بچوں، بچیوں اور فیملیز کو خونی مارچ سے محفوظ رکھیں۔
عمران خان کا ویڈیو پیغام
گزشتہ روز عمران خان نے وڈیو پیغام جاری کیا تھا ، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ یہ مارچ حکومت گرانے یا لانے کے لیے نہیں ہے بلکہ یہ حقیقی آزادی کی تحریک ہے۔ یہ تحریک تب تک نہیں رکے گی جب تک ہم اس ملک کو حقیقی طور پر آزاد نہیں کرتے۔