پی ٹی آئی لانگ مارچ؛ وفاقی پوليس نے بھی تياریاں شروع کردیں
تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں ممکنہ اشتعال کے پیش نظر وفاقی پولیس نے بھی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جمعہ سے لانگ مارچ شروع کرنے کا اعلان کررکھا ہے، اور دوسری جانب پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں ممکنہ اشتعال کے پیش نظر وفاقی پوليس بھی تياریاں کررہی ہے، اور اس حوالے سے پولیس نے پلان بھی تیار کرلیا ہے۔
سیکیورٹی پلان کے مطابق تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے لئے 13 ہزار 86 سيکيورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں گے، جن کی نگرانی 2 ڈی آئی جی، 4 ایس ایس پی،11 ایس پی کریں گے۔ جب کہ 30 اے ایس پی اور ڈی ایس پی بھی ڈيوٹی انجام ديں گے۔
سیکيورٹی پلان کے مطابق لانگ مارچ میں وفاقی پولیس کے مجموعی طور پر 4 ہزار 190 افسران و اہلکار تعینات ہوں گے، ايف سی کے 4 ہزار 265 اور رينجرز کے 3 ہزار 600 اہلکار تعينات ہوں گے، جب کہ سندھ پولیس کے 1 ہزار 22 افسران و اہلکار بھی منگوا لئے گئے ہیں۔
کسی بھی ممکنہ اشتعال انگیزی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے سيکيورٹی اہلکاروں کو 616 آنسو گیس گنز اور 50 ہزار 50 شیل فراہم کر ديئے گئے ہیں، جب کہ 611 بارہ بور گنز اور 36 ہزار 700 ربر کی گولياں بھی فراہم کر دی گئی ہيں۔
سیکیورٹی پلان کے مطابق پوليس کو 2 ہزار 430 ماسک اور 374 گاڑیاں بھی فراہم کی گئی ہیں، فيلڈ ميں تعينات اہلکاروں کو ہر صورت غير مسلح رہنے کی ہدايت کی گئی ہے۔