ارشد شریف کینیا میں قتل؛ سیکریٹری خارجہ و داخلہ سے رپورٹ طلب

سینئر صحافی اور اینکر ارشد شریف کو کینیا میں قتل کردیا گیا۔

ممتاز صحافی اور اینکر ارشد شریف کو گولی مار کر قتل کردیا گیا، وہ کچھ عرصہ پہلے کینیا کے شہر نیروبی پہنچے تھے۔

غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق ارشد شریف کی وفات نیروبی میں حادثے کے دوران ہوئی، ابھی مکمل تفصیلات واضح نہیں ہوئیں، جب کہ ارشد شریف کی موت کے حوالے سے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

ارشد کی اہلیہ جویرہ صدیق نے اپنی ٹویٹ میں تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آج میں نے اپنا دوست، شوہر اور پسندیدہ صحافی کھو دیا ہے۔

جویریہ صدیق کا کہنا تھا کہ آج صبح پولیس نے آکر بتایا کہ ارشد شریف کو کینیا میں مار دیا گیا ہے، میری درخواست ہے کہ ارشد شریف کی کینیا کے مقامی ہسپتال میں لی جانے والی آخری تصویر کو شیئر نہ کیا جائے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ میں ارشد شریف کے مبینہ قتل کی تحقیقات کے لئے درخواست پر سماعت بھی ہوئی ہے ۔

عدالت نے سیکرٹری داخلہ اور خارجہ سے ایک دن میں سے رپورٹ طلب کر تے ہوئے انہیں ارشد شریف کے اہل خانہ سے رابطے کا حکم دے دیا ہے۔

واضح رہے کہ سینئر صحافی ارشد شریف طویل عرصے سے نجی چینل سے وابستہ تھے، تاہم کچھ عرصہ قبل وہ خود ساختہ جلا وطنی کے دوران دبئی اور لندن میں مقیم رہے، اور ان کی غیر موجودگی میں چینل نے اعلان کیا تھا کہ ارشد شریف اب ہماری ٹیم کا حصہ نہیں رہے۔

ارشد شریف کے انتقال کی خبر پر وزیراعظم شہبازشریف، صدر عارف علوی، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور دیگر سیاسی سماجی شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔