بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان سے متعلق روہت شرما کا بیان بھی سامنے آگیا
آئندہ برس پاکستان میں شیڈول ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے روہت شرما کا بیان بھی سامنے آگیا ہے۔
چند روز بی سی سی آئی کے سیکریٹری اور ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین جے شاہ نے کہا تھا کہ بھارتی ٹیم اگلے سال ایشیا کپ میں شرکت کے لیے پاکستان نہیں جائے گی اور ایشیا کپ کا انعقاد پاکستان سے باہر کیا جائے گا۔
جے شاہ کے بیان سے بھارت اور پاکستان کے درمیان ایک نیا تنازع شروع ہوگیا تھا۔ پاکستان نے بھی جواب میں کہا کہ اگر بھارت ایشیا کپ کے لیے ٹیم نہیں بھیجتا تو ہم اگلے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیم بھارت نہیں بھیجیں گے۔
اب اس معاملے پر بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔
ہفتے کے روز جب بھارتی کپتان سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر دونوں بورڈ فیصلہ کریں گے۔ میں یہ کہنا چاہوں گا کہ فی الحال ہم ورلڈ کپ پر توجہ مرکوز کریں، کیونکہ اس وقت ہمارے لیے یہی اہم ہے۔
روہت شرما نے کہا کہ ہمیں اس بات کی فکر نہیں کہ آگے کیا ہونے والا ہے۔ اس بارے میں سوچنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ ایشیا کپ ابھی بہت دور ہے۔ بی سی سی آئی اس معاملے پر فیصلہ کرے گا۔ ہم صرف کل کے کھیل پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔