دن رات چور ڈاکو کی گردان ختم کرنا ہوگی، وزیراعظم شہبازشریف

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ہم پر الزام لگا کر ہماری بیٹیوں،ماؤں کو عدالتوں میں گھسیٹا گیا مگر عدالتوں نے کلین چٹ دی۔

اسلام آباد میں نوجوانوں کی ترقی کے اقدامات کے حوالے سے تقریب سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آپ چور،ڈاکو کی گردان کرتے رہے، آپ کو کیا ملا؟ مجھے برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی نے کلین چٹ دی جبکہ احسن اقبال کو اعلیٰ عدالت نے ایمانداری کا سرٹیفکیٹ دیا۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ احسن اقبال کو اسپورٹس کمپلیکس بنانے پر جیل بھجوادیا گیا ، تعلیم کوفروغ دینا ہوگا،دن رات چور ڈاکوکی گردان ختم کرناہوگی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ احسن اقبال نے یوتھ پروگرام لانچ کرکے خدمت کا آغاز کیا، یوتھ پروگرام کے ذریعے ہزاروں گھرانوں کو خود کفیل بنایا۔ ہزاروں بچے اس پروگرام سے فائدہ اُٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں زہرگھول کرتقسیم پیدا کی جارہی ہے۔ لیپ ٹاپ اسکیم شروع کرنے پر تنقید کی گئی، بچوں کو لیپ ٹاپ نہ دوں تو کیا ان کے ہاتھ میں کلاشنکوف دوں؟ رشوت کا طعنہ دینے والے بتائیں انہوں نے نوجوانوں کیلئے کیا کیا۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ دانش اسکولوں میں یتیم بچوں کو بہترین تعلیم فراہم کی جاتی ہے۔ آپ نے اپنےصوبوں میں کتنے دانش اسکول بنائے۔