پاکستانی فلم ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ نے بیرون ملک کتنی کمائی کرلی؟

ماضی کی مقبول ترین پاکستانی فلم مولا جٹ کے ری میک ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ نے عالمی سطح پر بھی کمائی کے نئے ریکارڈ قائم کردیئے۔

ایک رپورٹ کے مطابق فواد خان، حمزہ علی عباسی اور ماہرہ خان کی نئی فلم بین الاقوامی سطح پر 15 لاکھ 55 ہزار ڈالر سے زائد کما چکی ہے۔

ڈیڈ لائن کی ایک حالیہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایکشن فلم نے اپنے ابتدائی ویک اینڈ میں ہی باکس آفس کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، دی لیجنڈ آف مولا جٹ اب تک ڈیڑھ ملین ڈالر (32 کروڑ 65 لاکھ روپے سے زائد) کا بزنس کرچکی ہے۔

ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں یہ فلم 79 مقامات پر لگی ہے جس نے اب تک 3 لاکھ 55 ہزار ڈالر کی کمائی کی ہے، اور فلم ٹاپ ٹین میں شامل ہوگئی ہے۔

فلم تجزیہ کار علی زین کے مطابق پاکستانی فلم ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ برطانیہ میں اب تک 4 لاکھ 27 ہزار ہزار پاؤنڈ (10 کروڑ 60 لاکھ روپے) کا بزنس کرچکی ہے، فلم 5 روز میں ہی ہمایوں سعید اور مہوش حیات کی فلم ’’لاہور نہیں جاؤں گی‘‘ کا ریکارڈ توڑ چکی ہے۔

 

 

دوسری جانب رپورٹ کے مطابق امریکا اور کینیڈا میں بھی فلم بالترتیب 2 لاکھ 90 ہزار ڈالر اور 2 لاکھ 35 ہزار ڈالر کی کمائی کرچکی ہے جبکہ آسٹریلیا میں فلم کا بزنس ایک لاکھ 60 ہزار ڈالر ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کینیڈا اور آسٹریلیا دونوں ممالک میں پاکستانی فلم ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ چارٹ پر نمبر 6 پر ٹرینڈ کر رہی ہے جبکہ متحدہ عرب امارات میں اس فلم نے اب تک 5 لاکھ 15 ہزار ڈالر سے زیادہ کمائی کی ہے اور باکس آفس پر نمبر ون پوزیشن پر ہے۔

دنیا بھر کے 25 ممالک میں دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی نمائش جاری ہے، جن میں ناروے، جرمنی، ہالینڈ، اسپین اور جنوب مشرقی ایشیا شامل ہیں۔

فلم میں فواد خان، حمزہ علی عباسی، ماہرہ خان، حمائمہ ملک، گوہر رشید سمیت دیگر شامل ہیں۔