عمران خان کو ریٹائرمنٹ پر بھیجیں گے،بلاول بھٹو زرداری
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان سیاست چھوڑ کر بنی گالا میں بیٹھ جائیں۔ ہم عمران جیسے سیاستدانوں کو ریٹائرمنٹ پر بھیجیں گے۔
کراچی کے علاقے ملیر میں ضمنی الیکشن میں کامیابی کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وقت ثابت کرے گا پاکستان نوجوان قیادت کیلئے تیار ہے۔
چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ 2018 میں ہمارے حق پر ڈاکا ڈالا گیا تھا مگر ضمنی انتخاب میں ملیر کے عوام نے کٹھ پتلی کو تاریخی شکست دی۔ تبدیلی کا نعرہ تبدیلی نہیں تباہی ہے، عمران کی سیاست نفرت اور پی پی کی سیاست محبت کی سیاست ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان جھوٹا اور منافق آدمی ہیں ہم نے مل کر سلیکٹڈ حکومت کو شکست دی۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ ملیر کے عوام نے ہر دور کے ظالم، آمر، فرعون کاڈٹ کر مقابلہ کیا ہے، ملیر کے عوام نے ایک بار پھر پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا، ملیر کے عوام نے ایک بار پھر پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا ہے۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ میں عمران کو کٹھ پتلی کہتا تھا آج وہ خود مان گیا، ہر کسی کو چور کہنے والا خود چندہ چور نکلا، انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان تو اپنا کیچن شوکت خانم اسپتال سے چلاتا ہے۔
اجتماع سے خطاب میں بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ اگر اختیار نہیں تھا تو استعفیٰ دیتا 4 سال حکمرانی کیوں کی؟ جدوجہد کر رہا ہے کہ ایک بار پھر سلیکٹ ہوجائے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ حکیم بلوچ نے آپ کے سارے مسائل بتادیے، وزیراعلیٰ 90 دن میں مطالبات پر کام شروع کریں، ملیرمیں میں ترقیاتی کاموں کے مطالبات پورے کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت سیاست نہیں سیلاب متاثرین کا مسئلہ اہم ہے مگر پاکستان کے خلاف سیاسی دجال سازشیں کررہاہے، اپنی سیاست چمکا کر توجہ سیلاب متاثرین سے ہٹانا چاہتے ہیں۔