اتحادی جماعتوں نےعمران خان کا جلد الیکشن کا مطالبہ مسترد کردیا
حکمران اتحاد میں شامل جماعتوں نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا جلد الیکشن کروانے کا مطالبہ مسترد کردیا۔
مشترکا اعلامیے کے مطابق عام انتخابات کب ہونے ہیں،اس کا فیصلہ حکومتی اتحادی جماعتیں کریں گی۔
جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی جتھے کو طاقت کی بنیاد پر فیصلے مسلط کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، قانون ہاتھ میں لینے والوں سے آئین اور قانون کے مطابق نمٹیں گے۔ غنڈہ گردی،دھونس کی بنیاد پر جمہوریت اور نظام کوغلام نہیں بننے دیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق ضمنی انتخابات کے بعد اتحادی حکومت کی سیٹیں174سے بڑھ کر176 ہوگئیں، معیشت اور سیلاب متاثرین کی بحالی اس وقت اولین قومی ترجیح ہے۔
مشترکا بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اقتدار سے محروم شخص اداروں کو ایجنڈے کے تحت نشانہ بنا رہاہے، شہداءکیخلاف مہم،فوج میں بغاوت کے بیانات ملک دشمنی کے مترادف ہیں۔
آرمی چیف اور حساس اداروں کی قیادت کو نشانہ بنانا ’’بلیک میلنگ‘‘ ہے، تعیناتی فارن فنڈڈ فتنے کی دھونس، دھمکی اور ڈکٹیشن پر نہیں ہوگی۔ وزیراعظم قانون کےمطابق آرمی چیف کی تقرری کافیصلہ کریں گے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے آصف زرداری اور نوازشریف کیخلاف بیان اور الزامات کی بھی مذمت کی گئی ہے۔