مولانا فضل الرحمان کی دعاؤں سےمعیشت بہترہورہی ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ مولانافضل الرحمان کی دعاؤں سےمعیشت بہترہورہی ہے۔

مفتی محمود کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ مفتی محمود کی ملک وقوم کیلئے گرانقدر خدمات ہیں، وہ سادہ طبیعت کے انسان تھے، اور ان کے وقت سیاست میں شائستگی تھی، اس وقت سیاست میں گالم گلوچ کا کلچر آگیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی پاکستان سمیت بیرون ملک غلط تربیت کی جارہی ہے، کچھ افراد معاشرے کو تقسیم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

شہازشریف نے کہا کہ ہمیں کانٹوں بھرا سفر کرنے کو ملا ہے، اقتدارپھولوں کی سیج نہیں کانٹوں کا سفر تھا، مشکل ترین حالات میں اتحادیوں نے مل کر اقتدار سنبھالا، پاکستان مشکل حالات سے نکل آیا ہےاور آگے بھی نکلےگا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومت نےآئی ایم ایف سےجومعاہدہ کیااس کی دھجیاں اڑائیں، مولانا فضل الرحمان کی دعاؤں سے معیشت بہترہورہی ہے، ان سے کہتا ہوں ایک اور پھونک ماریں تاکہ مزید بہتری ہو۔

شہبازشریف نے کہا کہ عمران خان اقتدار میں تھے تو کہتے تھے فیصلے لینے کا پورا اختیار ہے، اب کہتے ہیں مجھے آزادی کیساتھ فیصلے نہیں کرنے دیے گئے، اگر با اختیارنہیں تھے تو فیصلے کون کرتا تھا، اور آپ پونے 4 سال کیا کرتے رہے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان جیسا جھوٹا اپنی زندگی میں نہیں دیکھا، یہ شخص دن رات ملک وقوم کیخلاف سازش میں مصروف رہتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم خلوص نیت کیساتھ کام کررہےہیں، اختلافات کے باوجود مذاکرات جمہوریت کا حسن ہیں، ہم نفرت اورانتشارکی سیاست کاخاتمہ کریں گے۔