حکومت نے گھی، تیل اور دالیں سستی کردیں
یوٹیلیٹی اسٹورز نے مختلف اشیاء کی قیمتوں میں کمی کردی، دالیں 30 روپے، تیل 16 اور گھی 31 روپے فی کلو تک سستا ہوگیا۔
یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے مختلف اشیاء کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا، نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
ترجمان یوٹیلٹی اسٹورز کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دالوں کے نرخوں میں 15 سے 30 روپے کمی کردی گئی۔
ترجمان کے مطابق مختلف کمپنیوں کا پریمیئم برانڈ گھی اور کوکنگ آئل بھی سستا کردیا گیا، پریمئم برانڈ گھی 31 روپے اور کوکنگ آئل 16 روپے فی لیٹر سستا ہوگیا، 5 کلو ڈالڈا گھی کی قیمت میں 30 روپے کمی کی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق دال چنا کی قیمت میں 15 روپے فی کلو کمی کردی گئی، جس کے بعد نرخ 245 سے کم ہوکر 230 روپے فی کلو ہوگئے، دال مسور 15 روپے سستی ہوگئی، جس سے نرخ 310 سے 295 روپے کلو پر آگئے جبکہ مونگ کی دال 15 روپے کلو سستی ہونے کے بعد 260 سے 245 روپے فی کلو ہوگئی۔
ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ دال ماش دھلی ہوئی 30 روپے فی کلو سستی ہوگئی، جس کی قیمت 410 روپے سے کم ہوکر 380 روپے اور دال مسور ثابت 20 روپے کلو کمی کے بعد 310 سے 290 روپے پر آگئی۔
نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ سفید چنا بھی 15 روپے کمی کے بعد 320 سے 305 روپے فی کلو پر آگیا جبکہ کالا چنا بھی 15 روپے فی کلو سستا ہوگیا، کالے چنے کی قیمت 235 سے کم ہوکر 220 روپے کلو ہوگئی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ تمام یوٹیلٹی اسٹورز پر وزیراعظم ریلیف پیکیج کے تحت خصوصی سبسڈی دی جا رہی ہے، اسٹورز پر دستیاب دالوں کا معیار انتہائی اعلیٰ ہے، کارپوریشن اپنے صارفین کیلئے وقتاً فوقتاً سستی اور معیاری اشیاء کا حصول ممکن بنانے کیلئے سرگرم عمل ہے۔