اعظم سواتی کو ننگا کرکے تشدد کیا گیا، عمران خان کا دعویٰ
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اعظم سواتی کو ننگا کرکے تشدد کیا گیا، شرم آنی چاہئے ان لوگوں کو جو لوگ سمجھتے ہیں کہ تشدد کرکے اپنی عزت کرالیں گے، سندھ کا گورنر ایک ایسے شخص کو بنایا گیا ہے جو مجرم ہے۔
جمعرات کو مردان، چارسدہ اور راولپنڈی میں اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا جو لوگ سمجھتے ہیں کہ عمران خان کو جیلوں میں ڈال کر مقدمے کرکے خاموش کرالیں گے وہ اپنے ذہنوں میں ڈال لیں کہ میں اور زور سے آپ کا مقابلہ کروں گا، باہر نکلوں گا اور اپنی قوم کو نکالوں گا۔
عمران خان نے کہا کہ آزادی ملتی نہیں چھیننا پڑتی ہے، اب زیادہ دیر نہیں ہے، میں جلد کال دینے والا ہوں، سب سے آگے خود ہوں گا، جیل تو چھوٹی چیز ہے میں اپنی جان دینے کیلئے بھی تیار ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ اتوار کو ہونے والا ضمنی الیکشن صرف ایک الیکشن نہیں بلکہ جہاد ہے، دھاندلی کے باوجود انکو پھینٹا لگائیں گے، الیکشن کمشنر بددیانت آدمی ہے، بچوں کی ڈیوٹی لگاتا ہوں کہ وہ اپنے والدین اور بڑوں سے ووٹ دلوائیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا جب سے مجرموں کی حکومت آئی ہے دہشتگردی بڑھنا شروع ہوگئی ہے، جب میری حکومت آئی تو ایک ڈرون حملہ نہیں ہونے دیا، سوات کی صورتحال پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان وفاقی حکومت سے پوچھیں۔
دریں اثنا چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ NRO-2 کے حوالے سے ایک ٹویٹ پر اعظم سواتی کو زیرِ حراست تشدد کا نشانہ بنایا جانا ہماری تاریخ کا ایک اور شرمناک واقعہ ہے۔