یکم ستمبر کو شہری ذیشان کو قتل کرنے والا مرکزی ملزم گرفتار

کراچی میں یکم ستمبر کو گلستان جوہر ميں ڈکیتی مزاحمت پر شہری ذیشان کو قتل کرنے والے ملزموں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں یکم ستمبر کو لندن سے ڈبل ایم بی اے کرکے آنے والے اعلیٰ تعلیم یافتہ ذیشان کو بچوں اور اہلیہ کے سامنے قتل کیا گیا تھا۔

مقتول ذيشان اپنے چار سالہ بیٹے کی فرمائش پر اہليہ کے ہمراہ اسے آئسکریم کھلانے لے کر گیا تھا، جہاں ڈکیتوں نے لوٹ مار کیلئے گاڑی کے شیشے سے پستول اندر کی تو مقتول نے مزاحمت کی اور ملزمان نے گولی چلا دی۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ کے مطابق گرفتار ملزمان جوہن عرف جوہنی اور یاسر عرف گوگو نے اعتراف جرم بھی کرلیا۔

ملزم یاسر نے اپنے اعترافی بیان میں کہا ہے کہ مرکزی ملزم جوہن عادی مجرم ہے اور واقعے کے بعد اپنی ضمانت منسوخ کروا کر جیل چلا گیا تھا۔

مرکزی ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے آلہ قتل برآمد کرلیا، جب کہ مقتول ذیشان کی اہلیہ نے عدالت میں شناخت پریڈ کے دوران دونوں ملزمان کو شناخت کرلیا ہے۔