جموں وکشمیر مسلم کانفرنس خواتین ونگ کے زیر اہتمام یوم الحاق پاکستان کی مناسبت سے مرکزی ایوان صحافت میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا

 جموں وکشمیر مسلم کانفرنس خواتین ونگ کے زیر اہتمام یوم الحاق پاکستان کی مناسبت سے مرکزی ایوان صحافت میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب سے چیئرپرسن آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس خواتین ونگ محترمہ سمعیہ ساجد راجہ،سابق وزیر محترمہ شمیم علی ملک،چیف آرگنائزر راجہ ثاقب مجیدنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں نے تحریک تکمیل پاکستان کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔قیام پاکستان سے قبل ہی 19جولائی کو کشمیریوں نے قرارداد کے ذریعہ الحاق پاکستان کا فیصلہ کر لیا تھا۔19جولائی کا دن کشمیریوں کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔الحاق پاکستان کی قرارداد کے ذریعے کشمیریوں نے دنیا کو بتا دیا تھا کہ وہ الحاق پاکستان کے ہی حامی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 19جولائی1947ء کو سرینگر میں کشمیری عوام کی نمائندہ تنظیم ”مسلم کانفرنس” کے تاریخی اجلاس میں پاکستان سے الحاق کی قرارد پیش کی تھی، جسے اجلاس کے تمام شرکاء نے متفقہ طور پر منظور کیا تھا، اسی قرارداد کی بنیاد پر برطانوی حکمرانوں نے برصغیر کی تقسیم کے فارمولے کے تحت یہ آزادی دی تھی کہ ریاست جموں کشمیر کے عوام جس ملک کے ساتھ چاہیں الحاق کرلیں۔ مجاہد اول نے 1970کو کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ دے کر کشمیریوں کی راہ متعین کر دی تھی۔انہوں نے کہا کے کشمیری عوام ہر سال پاکستان سے اپنی محبت اور سیاسی مستقبل کی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے 19 جولائی کو یوم الحاق پاکستان مناتے ہیں۔ ریاست کے عوام کا مستقبل بھارت نہیں بلکہ اسلامی جمہوریہ پاکستان ہے گزشتہ75 برسوں سے ریاست کے عوام گھروں سے نکل کر اپنی آزادی، حقوق اور سیاسی مستقبل کے تعین کیلئے آواز بلند کرکے اقوام متحدہ سے مطالبہ دہراتے ہیں کہ جموں کشمیر کے بارے میں اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کیا جائے۔پاکستان کے ساتھ جغرافیائی، نظریاتی، مذہبی اور ثقافتی رشتہ ہے۔ ہندوستان کا کشمیر کے ساتھ کوئی تعلق نہیں بنتا۔بھارت نے گزشتہ کئی دہائیوں سے کشمیریوں کو ان کے عالمی سطح پرتسلیم شدہ پیدائشی حق، حق خودارادیت سے محض طاقت کے بل بوتے پر محروم کر رکھا ہے۔لیکن کشمیری عوام بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ قبضے کی اس مذموم سازش کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔تقریب میں سجاد انور عباسی،میمونہ کیانی،مقصود عباس موسوی،راجہ سعید،عابدہ منیر،شیخ مقصود،مبشر جانداد ودیگر نے بھی خطاب کیا۔مسلم کانفرنس شعبہ خواتین کی جانب سے اس تقریب کا انعقاد تقریباً تیس سال بعد کیا گیا۔محترمہ سمعیہ ساجد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد مسلم کانفرنس کی متعین کردہ راہ پر گامزن ہیں۔جس سمت کا تعین انہوں نے کیا ہے ان پر چل کر ہم نے جماعت کو مضبوط سے مضبوط تر کرنا ہے۔ کشمیریوں کی منزل پاکستان ہے جس کا فیصلہ انہوں نے 19جولائی 1947کو کر دیا تھا۔تقریب کے اختتام پر شہدائے کشمیر کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔