چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ کل اپنی اہلیہ بشریٰ بیگم کے ساتھ عدالت میں پیشی کیلئے اسلام آباد جارہے ہیں اور ممکن ہے کہ انہیں گرفتار کرلیا جائے۔
کارکنوں سے ویڈیو خطاب میں عمران خان نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پر ہماری حمایت کرنے والوں کو گرفتار کیا گیا، اس وقت پاکستان میں جو ہورہا ہے ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا، کہا جارہا ہے کہ کورکمانڈرہاؤس اور دیگر مقامات پر ہماری جماعت نے آگ لگائی، ہم تو چاہتے ہیں امن ہو اور الیکشن ہو انتشار تو کوئی اور چاہ رہا ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ یہ پہلے بھی ہوچکا ہے کہ واقعات کا فائدہ اٹھا کر مخالف کو ختم کردو، یہ جان کر فضا بنا رہے ہیں کہ دوبارہ گرفتار کریں تو لوگ خوفزدہ ہو کر کھڑے نہ ہوں۔