پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک، خیبر پختونخوا سے آج قیادت اور کارکن گرفتاریاں دینگے

پشاور – پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کے دوسرے روز آج خیبر پختونخوا کی قیادت اور کارکن گرفتاریاں دیں گے۔

پی ٹی آئی رہنماء پرویز خٹک، شاہ فرمان، محمد عاطف دوسو کارکنوں کے ہمراہ تھانہ گلبہار کے سامنے گرفتاری پیش کریں گے۔

رہنماء تحریک انصاف پرویز خٹک کہتے ہیں آج پشاور سے جیل بھرو تحریک کا آغازکرنے جارہے ہیں۔ پشاور میں ہماری سینئر لیڈر شپ گرفتاریاں دے گی۔ جیل بھرو تحریک کا سلسلہ اضلاع کی سطح پر بھی چلتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے ملک اور معیشت کا بیڑا غرق کردیا ہے، دنیا ہم سے سود سمیت قرض وصول کررہی ہے۔ کہتے تھے کہ ہم تجربہ کار ہیں، آئیں گے تو خوشحالی آئے گی، اگر یہ آئے ہی مہنگائی کرنے کیلئے تھے تو ہمارے خلاف مہم کیوں چلائی گئی؟

پرویز خٹک نے کہا کہ یہ اس ملک میں 35 سال یہ سب تجربے کرچکے، پی ٹی آئی کی جدوجہد اسی نظام کے خلاف ہے، یہ لوگ اب بھی الیکشن نہیں کرائیں گے، اگر یہ الیکشن نہیں کرائیں گے تو آئین ٹوٹے گا۔ پی ٹی آئی کی جدوجہد کرپٹ نظام کےخلاف اور عوام کے حقوق کیلئے ہے۔

دوسری جانب پشاور میں پانچ روز کیلئے دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کردی گئی ہے، پانچ سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے پر پابندی عائد کردی گئی۔