ارشد شریف قتل کیس؛ ملزمان کے ریڈ وارنٹ کے لئے انٹرپول کو خط لکھ دیا گیا
ایف آئی اے نے ارشد شریف قتل کیس کے ملزمان خرم اور وقار کے ریڈ وارنٹ کیلئے انٹرپول کو خط لکھ دیا۔
صحافی ارشد شریف قتل کیس کے ملزمان خرم اور وقار کے ریڈ وارنٹ کے لئے ایف آئی اے نے انٹرپول کو خط لکھ دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی مکمل کرلی گئی ہے، اور انٹرپول کو لکھے گئے خط کے ساتھ ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کے عدالتی وارنٹ بھی ساتھ منسلک کئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کے وارنٹ مقامی عدالت سے لئے گئے ہیں، اور ایف آئی اے نے انٹر پول ہیڈ کوارٹر کو باقاعدہ خط بھی لکھ دیا ہے، جس میں دونوں ملزمان کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
کیس کا پس منظر
ارشد شریف کو گزشتہ برس کینیا کی پولیس نے مبینہ طور پر غلط شناخت پر گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔
سینیئر صحافی کے قتل پر سیاسی حلقوں کی جانب سے پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ پر الزام لگائے تھے جس کی پاک فوج کے ترجمان نے سختی سے تردید کی تھی۔ بعد ازاں سپریم کورٹ نے معاملے کا از خود نوٹس لیا تھا، کیس کی گزشتہ سماعت 5 جنوری کو ہوئی تھی۔