معدنیات سے متعلق صحیح فیصلے ہوں تو آئی ایم ایف کی طرف نہیں دیکھنا پڑیگا، وزیراعلیٰ بلوچستان

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان کی معدنیات کے بارے میں اگر صحیح فیصلے لئے جائیں تو ہمیں آئی ایم ایف کی طرف نہیں دیکھنا پڑے گا، ریکوڈک منصوبے سے صوبے کو سالانہ 250 سے 300 ارب روپے ملیں گے۔

کوئٹہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ عالمی عدالت میں اپنا کیس ہار چکے تھے، لیکن ہارے ہوئے کیس میں اپنا حصہ لینا بڑی کامیابی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت نے ریکوڈک کے حوالے سے جو اچیومنٹ حاصل کی ہے اس کا کریڈٹ نواب محمد اسلم رئیسانی کو بھی جاتا ہے، اگر وہ اس وقت اسٹینڈ نہیں لیتے تو آج ہمیں اربوں روپے نہیں ملتے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ مائنز اینڈ منرلز کے حوالے سے سمری پر سو بار سوچا جاتا ہے، ہمیں اپنی قیمتی چیزوں کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے، ملکی معیشت ابتر صورتحال سے گزر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں 8 ارب ڈالر جتنا بڑا معاہدہ نہیں ہوا ہوگا۔