کراچی: رقم ڈبل کرنیکا جھانسا دینے والا جعلی پیر گینگ سمیت گرفتار

کراچی میں ایس آئی یو پولیس نے گلستان جوہر سے جعلسازوں کا بڑا نیٹ ورک پکڑلیا۔ ایس ایس پی جنید شیخ کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں لوگوں کو رقم ڈبل کرنے کا جھانسہ دینے والا جعلی پیر بھی شامل ہے۔

کراچی میں ایس آئی یو پولیس نے گلستان جوہر میں کارروائی کرکے جعلی پیر سمیت جعلسازوں کا بڑا نیٹ ورک پکڑ لیا۔

ایس ایس پی جنید شیخ کا کہنا ہے کہ گرفتار گروہ کا تعلق نوشہرو فیروز سے ہے جو کراچی میں 5 سال سے وارداتیں کررہا تھا، گرفتار ملزمان میں جعلی پیر سمیت 5 ملزمان شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان میں سے ایک پیر بن کر شہریوں کو اپنی جانب متوجہ کرتا، پیسے اور سونا ڈبل کرنے کا جھانسہ دے کر لوٹ لیتا تھا۔

ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ جعلی پیر قربان رومال میں آگ لگا کر شہری کو جعلسازی کرکے دکھاتا تھا، ملزمان کا گروہ 50 افراد پر مشتمل ہے، دیگر ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کیلئے ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔