سوشل میڈیا پر دوستی کے بعد شادی کرنے والے میاں بیوی ڈکیت بن گئے

راولپنڈی پولیس نے کینیڈا میں مقیم مقامی تاجر کے گھر ڈکیتی کرنے والے میاں بیوی سمیت 3 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا۔

تھانہ کینٹ پولیس نے 10 روز قبل راولپنڈی میں اقلیتی شہری اور مقامی تاجر کے گھر ہونے والی بڑی ڈکیتی کا سراغ لگا لیا۔ خاتون سمیت 3 ڈاکو قانون کے شکنجے میں آگئے۔

پولیس کے مطابق ڈکیتی کا واقعہ پنڈی مال روڈ پر رہائش پذیر اقلیتی شہری ینگسن تھامس کے گھر 25جنوری کو پیش آیا،ملزمان چھت کے راستے گھر داخل ہوئے،ملازمہ کے ہاتھ پاؤں باندھے اورملکی غیر ملکی کرنسی،قیمتی گھڑیوں،پرائز بانڈ سے بھری وزنی سیف نکال کر غائب ہو گئے۔

ایس ایچ او کینٹ کے مطابق ملازمہ نے پولیس تفتیش میں انکشاف کیا کہ ایک ان کی سابقہ ملازمہ 3 دیگر ملزمان کے ہمراہ ان کے گھر آئی۔ انہوں نے اس کو رسیوں سے باندھا اور گن پوائنٹ پر نقدی، زیورات غیرملکی کرنسی اور دیگر اشیا لے گئے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم اور ملزمہ کی سوشل میڈیا پر دوستی کے بعد شادی ہوئی اوردونوں نے مل کر ڈکیتی کا منصوبہ بنا لیا۔