پاکستان ریلویز نے کارگو ایکسپریس کے کرائے 20 ہزار روپے کم کردیئے

معاشی مندی کے اثرات پاکستان ریلوے تک بھی پہنچ گئے، رواں ماہ کے دوران مال گاڑیوں سے آمدنی میں 24 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، ریلوے نے کارگو ایکسپریس کے کرائے 20 ہزار روپے کم کردیئے۔

پاکستان ریلویز کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مال گاڑیوں سے آمدنی میں جنوری 2023ء میں 24 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، یکم سے 24 جنوری تک آمدنی ایک ارب 17 کروڑ 43 لاکھ روپے رہی۔

رپورٹ کے مطابق جنوری 2022ء کے 24 روز میں مال گاڑیوں سے ریلوے کی آمدنی ایک ارب 54 کروڑ روپے تھی۔

دوسری جانب پاکستان ریلویز نے کارگو ایکسپریس کے کرائے میں 20 ہزار روپے کی کمی کردی، جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی سے لاہور فریٹ ویگن کا 2 طرفہ کرایہ 3 لاکھ 37 ہزار900 روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ کراچی بندر سے بادامی باغ کرایہ 3 لاکھ 20 ہزار روپے کردیا گیا۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ 20 ہزار روپے فی ویگن کرائے میں کمی کا اطلاق آج (26 جنوری) سے ہوگیا، 2 ماہ قبل کارگو ایکسپریس کے کرائے بڑھائے گئے تھے۔