نیا پاکستان سرٹیفکیٹ اسکیم کے شرح منافع میں 1.5 فیصد تک اضافہ
حکومت نے نیا پاکستان سرٹیفکیٹ اسکیم میں ڈالر میں سرمایہ کاری کرنیوالوں کیلئے شرح منافع میں 1.5 فیصد تک اضافہ کردیا۔
حکومت ڈالر کی قلت دور کرنے کیلئے کوشاں ہے، جس کیلئے نیا پاکستان سرٹیفکیٹ اسکیم کے شرح منافع میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق تین ماہ کیلئے ایک ہزار ڈالر کی سرمایہ کاری پر منافع 5.5 فیصد سے بڑھا کر 7 فیصد کردیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 6 ماہ کیلئے ایک ہزار ڈالر پر منافع اب 6 فیصد کے بجائے 7.20 فیصد ملے گا جبکہ ایک سال کیلئے سرمایہ کاری پر منافع 6.50 فیصد سے بڑھا کر 7.50 فیصد کردیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ نے نیا پاکستان سرٹیفکیٹ اسکیم پر 3 سالہ سرمایہ کاری پر منافع کی شرح 6.75 فیصد سے بڑھا کر 8 فیصد کردیا اور 5 سالہ سرمایہ کاری پر اب منافع 7 فیصد کے بجائے 8 فیصد ملے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستانی کرنسی میں نیا پاکستان اسکیم کے تحت سرٹیفکیٹ خریدنے والوں کیلئے منافع کی موجودہ شرح برقرار رہے گی۔