الیکشن کمیشن کا دو ہفتوں ميں انتخابی شیڈول جاری کرنیکا فیصلہ

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپریل کے پہلے ہفتے میں صوبائی عام انتخابات کرانے کی تجویز کے بعد دو ہفتوں ميں انتخابی شیڈول جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے اتوار کے روز پولنگ کرانے کی تجویز دی گئی ہے، الیکشن کمیشن کے حکام نے تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ چھٹی کے روز ٹرن آؤٹ زیادہ ہوتا ہے۔ دوسری جانب صوبائی عام انتخابات کے لیے پولنگ کب ہوگی، اس کا حتمی فیصلہ گورنرز کریں گے۔ الیکشن کمیشن آئندہ ہفتے گورنرز سے خط و کتابت کا آغاز کرے گا۔

الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن ایک سے زائد پولنگ ڈے کی تجاویز گورنرز کو ارسال کرے گا، پولنگ ڈے کی تاریخ کا حتمی فیصلہ گورنر پنجاب اور کے پی کریں گے۔ اليکشن کميشن پولنگ ڈے سے متعلق صرف اپنی تجویز گورنر کو بھیج سکتا ہے۔

پولنگ ڈے مقرر کرنے کا اختیار صوبوں میں گورنرز کے پاس ہے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ قومی اسمبلی اور چاروں صوبوں میں بیک وقت عام انتخابات کی تاریخ فائنل کرنے کا اختیار صدر مملکت کے پاس ہے، اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن 90 روز میں عام انتخابات کرانے کا پابند ہے۔

صوبہ پنجاب اور کے پی کے عام انتخابات میں کوئی قانونی رکاوٹ آڑے نہیں آ سکتی، نئی مردم شماری کرانے پر بھی الیکشن مقررہ دنوں میں ہی ہوں گے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن 2017 کی مردم شماری اور حلقہ بندیوں کے مطابق ہی صوبوں کے عام انتخابات ہی کروائے گا۔