ایرانی سرزمین سے پاکستان میں حملہ، دفتر خارجہ کی شدید مذمت
پاکستان کے دفتر خارجہ نے بلوچستان میں پاک ایران سرحد پار سے دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اس بات کو یقینی بنائے کہ ان کی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں کے لیے استعمال نہ ہو۔ اسلام آباد میں ایرانی سفارت خانے نے بھی حملے کی مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا ہے کہ دہشت گردوں نے ایران کی زمین کو پاکستان میں سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تہران اس معاملے پر کارروائی کرے گا۔
ترجمان نے کہا کہ ایران اس بات کو یقینی بنائے کہ اس کی سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں کے لیے استعمال نہ ہو۔
قبل ازیں اسلام آباد میں ایرانی سفارت خانے نے ضلع پنجگور میں دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی ایک مشترکا مسئلہ ہے جس کا ایران اور پاکستان دونوں کو سامنا ہے۔
دارالحکومت میں ایرانی سفارتی مشن نے حملے کے متاثرین کے اہل خانہ سے ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔ واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع پنجگور میں گزشتہ روز بدھ 18 جنوری کو پاک ایران سرحد پار سے ”دہشت گردی کی کارروائی“ کے دوران چار سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔