بلدیات کی خصوصی نشستوں میں علمائے کرام کو شامل نہ کرنے کےخلاف عدالت العالیہ آزاد جموں وکشمیر میں رٹ دائر

ابتدائی بحث کے بعد جناب جسٹس سید شاہد بہار نے حکومت ،الیکشن کمیشن، محکمہ قانون اور دیگر فریقین کونوٹسسز جاری کردیے۔

پٹیشن ممتاز عالم دین اور اسلامی نظریاتی کونسل آزاد جموں وکشمیر کے سابق رکن مولانا عتیق الرحمان دانش نے دائر کی ہے۔ پٹیشنر کی جانب سے ممتاز قانون دان محمدفیصل ترک نے موقف اختیار کیا کہ بلدیاتی انتخابات کے بعد خصوصی نشستوں کے کوٹے پرخواتین ،یوتھ اور کسانوں کی سیٹیں تو رکھی گئی ہیں مگر ریاست میں سب سے زیادہ کلیدی کردار ادا کرنے اور عوام الناس کی اصلاح واحوال کے حوالے سے کردار ادا کرنے والے علمائے کرام کونظرانداز کردیاگیا ہے لہذا بلدیاتی سیٹ اپ میں مقامی سطح پرعلماء کونسلر کی سیٹیں تخلیق کر کے اس پر انتخابات کروائے جائیں۔ پٹیشنر کی اس رٹ پر ہائی کورٹ آزاد جموں وکشمیر کے معزز جج جسٹس سید شاید بہار نے مختصرسماعت کے بعد رٹ کو سماعت کےلئے منظور کرتے ہوئے حکومت آزادکشمیر ،الیکشن کمیشن محکمہ قانون سمیت دیگرذمہ داران کونوٹسسز جاری کرد یے ہیں اور اگلی تاریخ پرانہیں تفصیلی جواب دینے اور پیش ہونے کاحکم دیا ہے۔ عدالت العالیہ کے باہر پٹینشر مولانا عتیق الرحمان دانش اور ان کے وکیل فیصل ترک نے میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ علمائے کرام ریاست میں سب سے زیادہ خدمات سرانجام دیتے ہیں جن کا عوام کے ساتھ چوبیس گھنٹے چولی دامن کاساتھ ہے جو صرف نکاح ،جنازہ اور نمازوں جمعہ و عیدین کے حوالے سے علمائے کرام اپنا کردار ادا نہیں کرتے بلکہ علمائے کرام سیاسی و سماجی حوالے سے بھی اپنا کردار ادا کرتے ہیں اس لیے کسان ،یوتھ اور خواتین سے زیادہ استحقاق علمائے کرام کا ہے کہ انہیں بلدیات میں نمائندگی دی جائے وہ عوام کی زیادہ بہتر نمائندگی کرسکتے ہیں عدالت العالیہ نے ہماری استدعا پر رٹ سماعت کےلئے منظور کرلی ہے جلد اس پر بہترین فیصلہ آئے گا اور اس پرقانون سازی کےلئے ڈائریکشن بھی جاری ہوسکتی ہے۔ انہوں نے حکومت آزادکشمیر اور قانون ساز اسمبلی کے جملہ ممبران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس حوالے سے فوری قانون سازی کریں تاکہ مرکزی سطح پر اسلامی نظریاتی کونسل ،علما ومشایخ اور زکوٰۃ کونسل کی طرح نچلی سطح پر بلدیات میں بھی علماءکی نمائندگی ہو۔ ریاست کے ممتاز علمائے کرام مولانا قاری عبدالمالک توحیدی، جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولاناسعید یوسف خان ،مرکزی سینئر نائب امیر مفتی محمودالحسن شاہ مسعود ی، ڈویژنل امیر جمعیت علمائے اسلام و مرکزی سیرت مصطفی کمیٹی کے وائس چیئرمین مولانا قاری عبدالماجد سمیت دیگرعلمائے کرام نے مولانا عتیق الرحمان کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس رٹ کی بھرپور حمایت کی ہے۔

مظفرآباد(فائزہ گیلانی )