وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اسمبلی توڑنے کی ایڈوائس گورنر کو بھیج دی
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کرکے ایڈوائس گورنر کو بھیج دی۔
وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل کی سمری پر دستخط کرکے گورنر کو ارسال کردی گئی ہے۔ عام انتخابات میں دوتہائی اکثریت سے حاصل کرکے عمران خان کو دوبارہ وزیراعظم بنائیں گے۔
یاد رہے کہ گورنر خیبرپختونخوا غلام علی 48 گھنٹے کے اندر سمری پر دستخط نہیں کرتے تو اسمبلی خود بخود تحلیل ہو جائے گی۔
اس سے قبل پشاور میں صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمود خان نے کہا کہ آج صوبائی کابینہ کا آخری اجلاس تھا، تمام اراکین اسمبلی اور افسران کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے صوبے کی تعمیر و ترقی کیلئے بھرپور تعاون کیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ پارٹی قیادت کی ہدایات کی روشنی میں وہ آج شام صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری گورنر کو بھجوادیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پنجاب اسمبلی بھی تحلیل ہوچکی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہیٰ کے بعد اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی جانب سے بھی نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کےلیے مجوزہ نام سامنے آگئے۔