کراچی بلدیاتی انتخابات، سابق صدر زرداری کی جیالوں کو مبارکباد
کراچی میں اتوار 15 جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں شاندار کامیابی پر سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹریرینز کے سربراہ آصف علی زرداری نے جیالوں کو مبارک باد پیش کی ہے۔
سابق صدر آصف علی زرداری کا بلدیاتی انتخابات میں جیالوں کو شاندار فتح پر پیغام میں کہنا تھا کہ شہید بھٹو کے جیالے، محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے بھائی انتخابی میدان میں ناقابل شکست ہیں، قائد عوام اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید سندھ کے عوام آپ کو نہیں بھولے۔
آصف علی زرداری نے پیپلزپارٹی کے ووٹروں کو سلام اور اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے منتخب نمائندے یہ نہ بھولیں کہ سیاسی جنت عوام کے قدموں میں ہے، طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں اور وہ ہی بہترین منصف ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جیالو بلاول بھٹو زرداری کی طاقت بن جاؤ مستقبل آپ کا ہے ،کراچی اور حیدرآباد میں پیپلزپارٹی کی فتح عہدے داروں اور کارکنوں کی محنت اور خدمت کا ثمر ہے۔
کراچی بلدیاتی انتخابات کے نتائج
کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے 235 یونین کونسلز مکمل نتائج جاری کر دئیے گئے، پیپلزپارٹی نے سب سے زیادہ 93 نشستیں حاصل کیں، جماعت اسلامی 86 نشستوں کےساتھ دوسرے نمبر پر جب کہ پی ٹی آئی 40 نشستوں پر کامیابی حاصل کر کے تیسری پوزیشن پر آگئی۔
نتائج کے مطابق ن لیگ 7، جے یو آئی اور آزاد امیدوار تین، تین، ٹی ایل پی نے 2 نشستیں حاصل کیں، بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے بعد ممکنہ مخصوص نشستوں کے ساتھ پیپلز پارٹی 142 نشستوں کے ساتھ ایوان کی سب سے بڑی جماعت ہو گی۔
پی پی پی 93 یوسیز پر کامیاب ہو کر 32 خواتین کی مخصوص نشستیں حاصل کرے گی، پی پی پی کو نوجوانوں، اقلیت اور لیبر کی 5، 5، خواجہ سرا اور معذور افراد کی ایک، ایک نشست ملے گی۔
جماعت اسلامی 133 نشستوں کے ساتھ ایوان کی دوسری بڑی جماعت ہو گی، جماعت اسلامی 86 یوسیز پر کامیاب ہو کر 32 خواتین کی مخصوص نشستیں حاصل کرے گی، جماعت اسلامی کو نوجوانوں، اقلیت اور لیبر کی 5، 5، خواجہ سرا اور معذور افراد کی ایک، ایک نشست ملے گی۔
پی ٹی آئی کو 40 نشستوں پر 14 خواتین، 2 لیبر، 2 نوجوان اور 2 اقلیت کی نشستیں ملیں گی۔