’’ایم کیو ایم الیکشن بائیکاٹ کے ساتھ حکومتی اتحاد سے بھی باہر نکلے‘‘

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم بلدیاتی الیکشن کے بائیکاٹ کے ساتھ حکومتی اتحاد سے بھی باہر نکلے۔

اپنی ٹوئٹ میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ آصف زرداری ن لیگ سے پرانا حساب پورا کررہے ہیں، وہ ایک کو لندن اور دوسرےکو رائیونڈ چھوڑ کر آئیں گے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ پی ڈی ایم منہ چھپانےکی بجائے مقابلےکی طرف آئے ورنہ داستان بن جائےگی۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے بیان کے بعد فارن کمرشل اکاؤنٹ بھی لوگوں نےخالی کرنا شروع کردیے ہیں، ایک طرف آٹےکی لائن ہوگی دوسری طرف بینک کے شٹر ڈاؤن ہوں گے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایم کیو ایم کی جنم جنم کی مخالف ہے، ایم کیو ایم بلدیاتی الیکشن کے بائیکاٹ کے ساتھ حکومتی اتحاد سے بھی باہر نکلے ۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ شہباز شریف کو بھی اعتمادکا ووٹ لینا ہوگا اور نواز شریف بھی واپس نہیں آئیں گے، ان کی سیاست پرقل پڑھاجائے گا۔ کاؤنٹ ڈاؤن شروع 15اپریل تک عام انتخابات کا شیڈول بھی آجائےگا، عمران خان نے سیاست کا انداز بدل دیا ہے۔