پنجاب میں نگراں وزیراعلیٰ کیلئے 3 نام سامنے آگئے

پنجاب میں نگراں وزیراعلیٰ کیلئے پی ٹی آئی اور ق لیگ کی جانب سے تین نام سامنے آگئے ہیں۔

عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں چوہدری پرویز الہٰی نے بتایا کہ احمد نواز سکھیرا، نصیر احمد خان اور ناصر سعید کھوسہ کے نام نگراں وزیراعلیٰ کیلئے دیدیے ہیں۔

اس سے قبل چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ کیلئے ناموں پر مشاورت کی گئی۔

واضح رہے کہ چوہدری پرویز الٰہی نے پنجاب اسملبی کی تحلیل کی دستخط شدہ سمری 12 جنوری کو گورنر پنجاب کو بھجوائی تھی۔

گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے صوبائی اسمبلی کی تحلیل کی سمری پر دستخط کرنے سے انکار کردیا، جس کے بعد پنجاب اسمبلی سمری کے 48 گھنٹے مکمل ہونے پر 10 بجے خود بخود تحلیل ہوگئی۔