پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی کی تحلیل کی سمری پر دستخط کردیئے، گورنر کو ارسال

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کردیئے، سمری گورنر کو بھجوادی گئی۔ گورنر ہاؤس نے سمری موصول ہونے کی تصدیق کردی۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کردیئے ہیں، سمری گورنر کو بھجوادی گئی ہے، انہوں نے 48 گھنٹے میں دستخط نہ کئے تو اسمبلی خود بخود تحلیل ہوجائے گی۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب اسمبلی کے ساتھ کے پی اسمبلی بھی تحلیل کردی جائے گی، پی ٹی آئی اپنی دو اسمبلیاں توڑ کر الیکشن میں جائے گی۔

پی ٹی آئی رہنماء کا مزید کہنا ہے کہ 48 گھنٹے میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو نگراں حکومت کے قیام کیلئے خط لکھیں گے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم مسلم لیگ ق، پرویز الہٰی اور مونس الہٰی کا شکریہ ادا کرتے ہیں، دونوں صوبوں میں 90 روز کے اندر انتخابات ہونے جارہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کو اپنے بل سے باہر آنا چاہئے، اسپیکر کو بھی کہہ رہے ہیں ہمارے استعفے قبول کریں۔

گورنر ہاؤس نے وزیراعلیٰ پنجاب کی سمری موصول ہونے کی تصدیق کردی۔ گورنر پنجاب کا کہنا ہے کہ سمری موصول ہوگئی۔

گزشتہ رات چوہدری پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لیا تھا، جس میں انہیں 186 ووٹ ملے گے، اپوزیشن نے ایوان سے واک آؤٹ کیا تھا اور عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ اور صوبائی کابینہ کو ہٹانے کا نوٹی فکیشن کالعدم قرار دے دیا۔