سندھ میں بلدیاتی الیکشن 15 جنوری کو ہی ہوں گے، الیکشن کمیشن کا دوٹوک اعلان
الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہی کرانے کا فیصلہ کرلیا۔
سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ 15 جنوری کو ہوگا یا نہیں، اس حوالے سے الیکشن کمیشن کا ہنگامی اجلاس ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کے اقدام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاق ہو یا صوبے کوئی بھی بلدیاتی انتخابات نہیں کرانا چاہتا۔
الیکشن ونگ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے تمام انتظامات مکمل تھے، کراچی اور حیدر آباد میں آج سے انتخابی سامان کی ترسیل شروع کی جانی تھی، بلدیاتی انتخابات سے صرف دو دن پہلے عین وقت پر سندھ حکومت نے ایسا اقدام کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کے نوٹیفکیشن پر سخت کارروائی پر غور شروع کردیا ہے، اور اجلاس میں بات ہوئی کہ بلدیاتی قانون میں ترامیم کا سارا ملبہ الیکشن کمیشن پر ڈالا گیا جو غلط ہے۔
الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے اعلان کیا کہ سندھ میں 15 جنوری کو شیڈول بلدیاتی انتخابات اپنے وقت پر ہی ہوں گے۔
اليکشن کميشن کا کہنا ہے کہ انتہائی حساس پولنگ اسٹيشنز پر فوج تعيناتی کيلئے وزارت داخلہ کو دوبارہ کہا جائے گا۔