لوگوں کو ڈرایا جارہا ہے کہ ہم نے عمران خان پر ریڈلائن لگادی ہے،چیئرمین تحریک انصاف
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ہمارے اراکین پنجاب اسمبلی کو دھمکایا جارہا ہے اور لوگوں کو ڈرایا جارہا ہے کہ ہم نے عمران خان پر ریڈلائن لگادی ہے۔
تحریک انصاف کے پنجاب پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ اراکین کو لالچ دیا جارہا ہے اور کروڑوں روپے آفرز کی جارہی ہے مگر ایک چیز جو سب کو کہی گئی وہ یہ کہ عمران خان کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اللہ کے بعد اس ملک کے وارث پاکستان کے عوام ہے، عوام ہی کسی پر ریڈلائن لگاسکتی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ جو بھی یہ سمجھتا ہے، جس میں بھی یہ تکبر ہے کہ ہم نے ریڈلائن لگادی دی ہے، ان میں عقل نہیں ہے۔ صرف بے وقوف ہی ایسی بات کرسکتی ہے نہ ان کو سیاست کی سمجھ ہے، نہ انہوں نے عالمی تاریخ پڑھی ہوئی ہے نہ ملکی تاریخ کا پتہ ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ہمارے ارکان کوکہا جارہاہے کہ تحریک انصاف کا کوئی مستقبل نہیں، ہمارے ارکان کوپیسوں کے علاوہ دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں۔ مجھے اپنے ایم پی ایز پر فخرہے۔ ق لیگ نےمشکل وقت میں ساتھ دیا ان کابھی شکریہ ادا کرتاہوں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ کوئی بھی پڑھا لکھا بندہ ایسی احمقانہ بات نہیں کرسکتا۔ ہمیشہ عوام ہی فیصلہ کرتی ہے کہ کس کے اوپر ریڈلائن لگانا ہے یا نہیں لگانا۔ عمران خان نے کہا کہ ملکی تاریخ میں کبھی بھی اتنی مقبولیت کسی جماعت کو نہیں ملی جو آج تحریک انصاف کو ملی ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ہماری حکومت سازش کےتحت گرائی گئی مگر ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی نے کلین سویپ کیا،اب ہمارے لوگوں کو کہاجارہاہےکہ ن لیگ میں چلے جاؤ، عوام کو ڈنڈے کے زور پر قابو نہیں کیاجاسکتا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ پتہ چلاہے کہ آصف زرداری ایک بار پھر لاہور ارکان خریدنے کیلئے آیا، پارٹی کا صفایا کرنےپرآصف زرداری کا شکر گزار ہوں۔ وقت سے پہلے ہمیں پتہ چل گیا کہ پارٹی کے اندر کون سے گندے انڈے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتشار روکنے کیلئے فیصلہ کیا کہ اسمبلی توڑ کر انتخابات کرائیں، حکومت بتائے ہمیں پنجاب اور کے پی اسمبلی کیوں نہیں توڑنے دے رہے، مونس الہیٰ پردباو ڈالنے کیلئے اس کے دوست کو اٹھالیا گیا، کہا جب راناثنااللہ جیسےلوگ جس قوم پر مسلط ہوتے ہیں وہ قوم تباہ ہوجاتی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نےآتے ہی 1100 ارب روپے کے کیسز ختم کیے، یہ حکومت میں اپنے کیسز معاف کروانے کیلئےآئے ۔ اتنا بڑا وفد لے کریہ بھیک مانگنے جنیوا گئے۔