وزیراعلیٰ پنجاب کو ڈی نوٹیفائی کرنیکا معاملہ، علی ظفر کے دلائل جاری

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے معاملے میں لاہور ہائی کورٹ میں سماعت جاری ہے، جہاں پرویز الہیٰ کے وکیل بیرسٹر علی ظفر اپنے دے رہے ہیں۔

لاہور ہائی کورٹ کا پانچ رکنی لارجر بینچ جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں درخواست پر سماعت کر رہا ہے۔ سماعت کا آغاز ہوا تو بیرسٹر علی ظفر نے گزشتہ سے پیوستہ اپنے دلائل کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہم نے اعتماد کا ووٹ لے لیا ہے، ہم نے سیاسی بحران ختم کر دیا ہے۔

جس پر جسٹس عابد عزیز نے استفسار کیا کہ کتنے ووٹرز ممبران نے ووٹ کیا؟ علی ظفر نے معزز عدالت کو بتایا کہ 186 ممبران اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ووٹ دیا۔ اس موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی کے وکیل حیدر رسول نے نوٹیفکیشن کی کاپی پیش کی۔ علی ظفر نے کہا کہ ہم نے اعتماد کا ووٹ لے لیا ہے، ہم نے سیاسی بحران ختم کردیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ 11 جنوری بروز بدھ اعتماد کا ووٹ لینے میں کامیاب ہوگئے، پرویز الٰہی نے کل 186 ووٹ حاصل کئے، جب کہ اپوزیشن جماعتوں نے ووٹنگ کے عمل کا بائیکاٹ کیا اور ارکان ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔