ہمیں کمزور کرنے کیلئے پولیٹیکل انجینئرنگ کی جارہی ہے، عمران خان

سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہمیں کمزور کرنے کیلئے پولیٹیکل انجینئرنگ کی جارہی ہے۔

کراچی میں پی ٹی آئی کے خواتین کنونشن سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ 7ماہ پہلے پیشگوئی کی تھی کہ ملک میں بحران پیدا ہونے والا ہے، ملک میں فیصلہ کن موڑ ہے، ملک تباہی کی طرف بھی جاسکتا ہے، سب کو مل کر جدوجہد کر کے اس ملک کو بحران سے نکالنا ہے۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹوٹا اور بنگلادیش بنا وہ بھی بڑا بحران تھا لیکن آج پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا بحران ہے، پاکستان میں بحران کا ذمہ دار شخص صرف جنرل(ر)باجوہ ہیں، انہوں نے شوکت ترین کو جنرل (ر)قمر جاوید باجوہ کے پاس بھیجاتھا کہ انہیں سمجھائیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ملک کو اس دلدل سے کوئی ٹیکنوکریٹ سیٹ اپ نہیں نکال سکتا، ہم اس ملک میں سب سے پہلے صاف شفاف انتخابات چاہتے ہیں، ہم کسی سے مدد نہیں مانگ رہے، صرف ملک میں جمہوریت چاہتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ اقتدار میں بیٹھی ساری جماعتیں ایک طرف ہوگئی ہیں، پنجاب میں ن لیگ کو لانے کی کوشش کی جا رہی ہے، خدشہ ہے ہمیں کمزور کرنے کے لئے پولیٹیکل انجینئرنگ کی جارہی ہے۔