آزاد کشمیر، بس کھائی میں گرنے سے 6 مسافر جاں بحق

آزاد کشمیر ( Azad Kashmir ) کے علاقے باغ ( Bagh ) میں مسافر بس کھائی میں گرنے سے بس سوار 6 مسافر جاں بحق ہوگئے۔

موصول اطلاعات کے مطابق حادثہ علی الصبح جمعہ 6 جنوری کو پانچ بجے پیش آیا۔ مسافر بس راولپنڈی سے مشٹمبہ جا رہی تھی کہ رحیم کوٹ کے قریب حادثے کا شکار ہوئی اور موڑ کاٹتے ہوئے کھائی میں جا گری۔

رپورٹ کے مطابق حادثہ سڑک پر پھسلن کے باعث پیش آیا۔ حادثے میں چھ مسافر موقع پر ہی جاں بحق، جب کہ چھ زخمی ہوئے۔

مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں کو بس سے باہر نکالا، زخمیوں کو طبی امداد کیلئے دہیرکوٹ اور مظفرآباد کے اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔