کراچی کا درجہ حرارت 8 سے 10 ڈگری تک گرنے کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے کراچی ( Karachi ) والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سردی مزید بڑھنے سے شہر کا درجہ حرارت 8 سے 10 ڈگری تک گر جائے گا۔
چیف میٹرو لوجسٹ ڈاکٹر سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ کراچی میں شمال سے سرد اور خشک ہوائیں چلنے لگی ہیں، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ شہر میں سردی بڑھنے سے سڑکوں پر زندگی گزارنے والوں کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔
ڈائریکٹرمیٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ 1991 کراچی کا درجہ حرارت 2.3 سینٹی گریڈ اور 21 جنوری 1934 میں صفر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
ڈی جی میٹ کے مطابق کراچی میں آج بروز بدھ 4 جنوری سے سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔ جس کے بعد کم سے کم درجہ حرارت 8 سے 10 تک گر سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سردی کی لہر جنوری ہی میں آتی ہے
صبح کے اوقات میں 4 جنوری کو کراچی کا درجہ حرارت 11 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جب کہ ہوائیں 12 کلو ميٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ دن کے اوقات میں شہر قائد کا درجہ حرارت 25 سے 27 ڈگری سينٹی گريڈ تک رہے گا۔
سردار سرفراز کا مزید کہنا تھا کہ سردی کی یہ لہر شہر میں 7 جنوری تک برقرار رہ سکتی ہے، تاہم فروری تک کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔ سردی کی شدت میں اصافے پر شہریوں کا کہنا ہے کہ شکر ہے کراچی میں سردی تو پڑی۔