کرونا کا نیا ویرینٹ: قومی ادارہ صحت کو غیرملکی مسافروں کی نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے قومی ادارہ صحت کو کرونا وائرس کے نئے ویرئنٹ کے حوالے سے آگاہی مہم چلانے اور بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں کی نگرانی جاری رکھنے کیلئے ہدایات جاری کردیں۔
چیئرمین این ڈی ایم اے کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا جس میں قومی ادارہ صحت اور سول ایوی ایشن اتھارٹی حکام بھی شریک ہوئے، کرونا کی نئی قسم اومیکرون کے ممکنہ پھیلاؤ کے پیش نظر ایئر پورٹس پر نگرانی و دیگر حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
محکمہ صحت کے حکام نے اجلاس کے دوران انسداد کرونا کے اقدامات اور ویکسینیشن کے اعداد و شمار بتائے، ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر بیرون ممالک سے آنیوالے مسافروں کے ٹیسٹ، طورخم بارڈر پر افغانستان سے آنے والوں کی روزانہ کی بنیاد پر ویکسینیشن اور اسکریننگ سے آگاہ کیا گیا۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے انسداد کرونا حکمت عملی پر اطمینان کا اظہار کیا اور قومی ادارہ صحت کو ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں اور سماجی اجتماعات کیلئے ایڈوائزری جاری کی جائے۔
قومی ادارہ صحت کو حکم دیا گیا کہ عوامی آگاہی کیلئے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کیساتھ نئے ویرینٹ کے دیگر ممالک میں پھیلاؤ کی بھی مسلسل نگرانی کی جائے۔
واضح رہے کہ چین سمیت دنیا بھر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی آگئی ہے روزانہ کی بنیاد پر سیکڑوں افراد زندگی کی بازی ہار رہے ہیں جبکہ ہزاروں نئے کیسز بھی رپورٹ ہورہے ہیں۔