پی پی اور ایم کیوایم تنازع، وزیراعظم مصالحت کرانے کو تیار
وزیراعظم شہبازشریف ںے پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم کے درمیان طے شدہ معاہدے پر عملدرآمد نہ ہونے کے معاملے پر تنازع حل کرانے کے لئے پُل کا کردار اداکرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کی دھمکی کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم میں مصالحت کےلئے وفاقی وزیر سردار ایاز صادق کو ہنگامی بنیادوں پر کراچی پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔ ایاز صادق دونوں اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ایاز صادق نے ایم کیوایم پاکستان کے رہنما امین الحق سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور یقین دہانی کرائی کہ وہ اُن کے تحفظات وزیراعظم تک پہنچائیں گے۔ متحدہ قومی موؤمنٹ کے رہنما اور وفاققی وزیر امین الحق کا کہنا تھا کہ بال اب وفاقی حکومت اورپیپلز پارٹی کے کورٹ میں ہے۔
خیال رہے کہ آج ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سربراہ ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ہماری الیکشن مہم شروع ہوچکی ہے، پری پول ریگنگ کو ختم کرنے کیلئے ہم سڑکوں پر آئیں گے۔ ہمارے لئے صبر کرنا مشکل ہوتا جارہاہے۔
خالدمقبول صدیقی نے کہا کہ ہم موجودہ حکومت کا اہم حصہ ہیں، حلقہ بندیوں کی ذمہ داری صوبائی حکومت کو کیوں سونپی گئی، الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ انتخابات سے قبل حلقہ بندیاں کی جائیں۔ کہا حیدرآباد اور کراچی میں حلقہ بندیاں درست نہیں کی گئیں، درست حلقہ بندیاں نہ کی گئیں تو احتجاج کرنے پرمجبور ہوں گے۔