نیل آرم اسٹرانگ کیساتھ چاند پر قدم رکھنے والے خلا باز نے 93 ویں سالگرہ پر شادی کرلی
نیل آرم اسٹرانگ کے ساتھ چاند پر قدم رکھنے والے دوسرے خلا باز ”بز ایلڈرین“ نے اپنی 93 ویں سالگرہ کے دن اپنی دیرینہ گرل فرینڈ 63 سالہ ڈاکٹر اینکا فاؤر سے شادی کرلی۔
بز ایلڈرین 20 جولائی 1969 کو چاند پر پہنچنے والے پہلے شخص نیل آرم اسٹرانگ کے ساتھ اپولو 11 مون مشن کا حصہ تھے اور نیل آرم اسٹرانگ کیساتھ ہی انہوں نے بھی چاند پر قدم رکھا تھا، وہ مشن کے آخری فرد ہیں جو تاحال زندہ ہیں۔
بز ایلڈرین اور انکی دیرینہ گرل فرینڈ ڈاکٹر اینکا فاؤر کی شادی جمعہ کو ایک نجی تقریب میں انجام پائی جس کی اطلاع انہوں نے ایک ٹوئٹ میں دی ہے۔
بز ایلڈرین نے اپنی ٹوئٹر پوسٹ میں ڈاکٹر اینکا فاؤر کیساتھ تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ”اپنی 93 ویں سالگرہ کے موقع پر مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ میں نے اپنی دیرینہ محبت ڈاکٹر اینکا فاؤر کے ساتھ شادی کرلی ہے“۔
بز ایلڈرین کا کہنا تھا کہ ”ہم لاس اینجلس میں ایک چھوٹی سی نجی تقریب میں شادی کے مقدس بندھن میں بندھ گئے ہیں اور گھر سے بھاگ کر شادی کرنے والے نوجوان جوڑے کی طرح پرجوش ہیں۔“
ڈاکٹر اینکا فاؤر نے 1996 میں پٹسبرگ یونیورسٹی سے کیمیکل انجینئرنگ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی اور بز ایلڈرین وینچرز میں شامل ہونے سے پہلے یونین کاربائیڈ اور جانسن میتھی کے لیے کام کر چکی ہیں۔ وہ کیلیفورنیا ہائیڈروجن بزنس کونسل کی خزانچی بھی رہ چکی ہیں۔
بز ایلڈرین اس سے پہلے بھی تین شادیاں کرچکے ہیں جو طلاق پر ختم ہوئیں۔